Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت فالس فلیگ آپریشن کے بہانے تلاش کررہا ہے، وزیر خارجہ

اپ ڈیٹ 30 مئ 2020 05:14pm
فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پڑوسی ملک بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ کوئی حماقت نہ کرے، ہم تیار ہیں، منہ توڑ جواب ملے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جاسوسی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی، بھارتی ڈرون سرحدی حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھا، اور مار گرایا گیا۔

واضح رہے کہ بھارت نے لداخ میں چین کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد پاکستان کے خلاف مکروہ منصوبہ بنا لیا، مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی منصوبہ بندی کرلی، وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بارہا عالمی برادری کو بھارتی عزائم بارے کئی مرتبہ خبردار کر چکے۔

معتبر ذرائع کے مطابق بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کرنے اور اس کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی مکروہ منصوبہ بندی کر لی ہے، یہ سب کچھ لداخ میں چین اور دوسری سرحد پر نیپال کے ہاتھوں ذلت اور رسوائی کے بعد مودی سرکار اور بھارتی فوج اپنی خفت مٹانے کے لیے کر رہے ہیں۔

بھارتی فالس فلیگ آپریشن کے لیے بنائے گئے منصوبے کے حقائق کو جانچنا ہوگا، منصوبے کے مطابق مقبوضہ وادی کے ایک ویران مقام پر دھماکہ خیز مواد اور کثیر رقم سے لدی ایک گاڑی کو پکڑا گیا ہے، تاہم کشمیری مجاہدین کا یہ طریقہ کار نہیں کہ وہ پلوامہ جیسا حملہ کریں اور اس کا کوئی بیک اپ پلان نہ ہو۔

نئے بھارتی منصوبے کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے لدی گاڑی کا ڈرائیور پیدل فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کا نہ پیچھا کیا گیا اورنہ ہی اسے گرفتار کیا گیا، بھارتی منصوبے کے مطابق بھارتی حکام نے گاڑی کو پکڑنے کے بعد پورا ایک دن اپنی تحویل رکھ کر اگلے دن دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔

بھارتی ڈرامے کا سب سے ناپختہ حصہ پکڑی ہوئی گاڑی ہے، جس کا ڈرائیور بھاگ نکلا، گاڑی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ حکام کی تحویل میں رہی اور اسے میڈیا کے سامنے کسی ریموٹ کنٹرول سے نہ اڑایا گیا، کیونکہ بھارت میڈیا کو اپنا دھماکہ خیز مواد دکھانا نہیں چاہتا تھا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی 26 مئی کی رپورٹ میں بتایا جا چکا ہے کہ گزشتہ سال کے پلوامہ حملے میں استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مواد بھارت سے ہی حاصل کیا گیا تھا، فالس فلیگ آپریشن کے لیے بھارت کا نیا ڈرامہ اندرونی خلفشار، انتقامی کاروائیاں اور کورونا وبا سے نمٹنے میں بری طرح ناکام مودی سرکار کے پاگل پن کا عکاس ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت مسلسل ہزیمت اٹھا رہا ہے، لداخ میں بھارت بری طرح ناکام ہوا، کشمیر میں بھارت کی پالیسی ناکام ہوئی، وہ فالس فلیگ آپریشن کے بہانے بھی ڈھونڈ رہا ہے۔

انہوں نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا 'کوئی حماقت نہیں کرنا، ہم تیار ہیں، منہ توڑ جواب ملے گا'۔

شاہ محمود کا کہنا تھا اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت یہ سب کر رہا ہے، بھارتی میڈیا بھی اپنی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کر رہا ہے، بھارتی میڈیا کہہ رہا ہے کہ دوول سے بھارتی فوج مطمئن نہیں، بھارتی فوج سمجھتی ہے کہ اسے بند گلی میں دھکیلا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے واضح پیغام دیا کہ جو راستہ دلی سرکار اپنا رہی ہے، وہ غلط ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز پاک فوج نے ایل او سی پر ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا ہے، بھارتی کواڈ کاپٹر نکرون سیکٹر میں پاکستانی حدود میں داخل ہوا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی کواڈ کاپٹر 700 میٹر تک پاکستانی حدود میں آگیا تھا۔